کامیابی کیلئے قرآن مقدس، اسوۂ مبارکہ اور شریعت اسلامی پر عمل ناگزیر

مدینہ مسجد میں ختم قرآن کی محفل میں عالم اسلام کیلئے رقت انگیز دعا کا اہتمام

مالیگاؤں: قرآن مقدس نے وہ صالح انقلاب برپا کیا کہ ایک صدی کا عرصہ بھی نہیں گزرا تھا کہ اسلام پوری شان و شوکت کے ساتھ کئی براعظموں کو فیض یاب کرنے لگا۔ آج ہم تباہ و برباد کیے جا رہے ہیں، ستائے جا رہے ہیں، مسلمانوں کا خون فلسطین و شام میں بہایا جا رہا ہے۔ درجنوں مسلم ملکوں کو یہود و نصاریٰ نے تباہ و برباد کر دیا۔ اس بربادی کی وجہ یہ ہے کہ ہم نے قرآنی احکام پر عمل کرنا چھوڑ دیا ۔ قرآن سے ہمارا رشتہ کم زور ہوگیا۔ ہمیں قرآن مقدس، سیرتِ طیبہ اور شریعتِ اسلامی پر عمل پیرا ہونا ہوگا جس سے ہماری شوکت کا وہ عہدِ زریں پھر لوٹ آئے گاجو شان دار ماضی کا خاصہ تھا۔ اس طرح کا اظہار خیال مدینہ مسجد میں ختم قرآن مقدس کی بابرکت تقریب میں غلام مصطفی رضوی (نوری مشن)نے کیا۔ شبِ قدر کی مبارک ساعتوں میں امام محترم حافظ فراز احمد قادری کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ امام موصوف نے قریب تین دہائیوں سے اس مسجد کے منبر و محراب کو رونق بخشی ہوئی ہے اور تراویح میں پابندی کے ساتھ ختم قرآن مقدس کی سعادت حاصل کر رہے ہیں۔ ہم ان کی خدمات اور پابندیِ وقت کو کلماتِ تبریک نذر کرتے ہیں۔ آپ نے یہ بھی کہا کہ ماہ رمضان کے تربیتی موسم کے اثرات پورے سال ملحوظ رکھے جائیں تو زندگی پاکیزہ گزرے گی۔ ہمیں اپنے تمام معاملات میں قرآن مقدس سے رہبری حاصل کرنی ہو گی۔ ہماری ذمہ داری زیادہ ہے کہ ہمارے پیغمبر بھی ختم المرسلین ﷺ ہیں اور ہماری کتاب بھی آخری کتاب ہے۔ ہمیں چاہیے کہ اپنا معاشرہ قرآنی معاشرہ بنائیں تا کہ یاسیت کے بادل چھٹ جائیں۔ اس موقع پر حافظ فراز احمد قادری نے عالم اسلام بالخصوص بیت المقدس کی بازیابی و رزق میں برکت کے لیے رقت انگیز دعا کی۔محفل ختم قرآن کا اہتمام منتظمین مدینہ مسجد نے کیا۔اس محفلِ پاک میں مرحومین کے لیے ایصال ثواب کیا گیا۔

02-06-2019